اہم خبریں

لاہور قلندرز کوئٹہ کو ہرا کر تیسری بار پی ایس ایل کی فاتح بن گئی

لاہور (اے بی این نیوز) لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پی ایس ایل 10 کا یہ فائنل میچ لاہور میں کھیلا گیا جہاں دونوں ٹیموں نے شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔

میچ کا آغاز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹاس جیتنے سے ہوا، جنہوں نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے۔ اننگز کی خاص بات نوجوان بلے باز حسن نواز کی شاندار بیٹنگ تھی، جنہوں نے 43 گیندوں پر 76 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ فرنینڈو نے 29 رنز اور چندیمیل نے 22 رنز کی مفید اننگز کھیلیں۔ آخر میں فہیم اشرف نے صرف 8 گیندوں پر 28 رنز بنا کر اسکور کو تقویت دی۔

لاہور قلندرز کی طرف سے بولنگ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نمایاں رہے، جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے ساتھ سلمان مرزا اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف حاصل کر لیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ لاہور قلندرز تیسری مرتبہ پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی۔ اس سے قبل وہ دو بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی تھی، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے صرف ایک بار پی ایس ایل جیتا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ رواں سیزن میں دوسرا مقابلہ تھا۔ پہلا میچ قلندرز نے 79 رنز سے جیتا تھا، جب کہ دوسرا میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا۔ مجموعی طور پر پی ایس ایل کی تاریخ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان اب تک 19 مقابلے ہو چکے ہیں جن میں دونوں ٹیموں نے 9، 9 میچز جیتے ہیں جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

لاہور قلندرز کے فخر زمان 442 رنز کے ساتھ ٹیم کے کامیاب ترین بلے باز رہے، جبکہ کوئٹہ کے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم ڈائریکٹر سرفراز احمد نے لاہور کے خلاف سب سے زیادہ 357 رنز بنائے۔یہ فائنل ایک یادگار مقابلہ ثابت ہوا، جس نے پی ایس ایل کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر دیا اور لاہور قلندرز کے مداحوں کے لیے جشن کا سماں پیدا کر دیا۔

مزید پڑھیں :یورپی ممالک میں انقلاب آگیا،مالٹا کے وزیر اعظم نے فلسطین کے حوالے سے تاریخی اعلان کر دیا،دنیا حیران
مزید پڑھیں :

متعلقہ خبریں