اہم خبریں

پیٹرول بحران کا خدشہ ،ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونے سے متعلق عوام کے لئے اہم خبر

کراچی ( اے بی این نیوز )پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کی مجوزہ پالیسیوں کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کی وارننگ دے دی ہے، جس کے باعث عوام کو ممکنہ پیٹرول بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم ایکٹ میں مجوزہ ترامیم ناقابل قبول ہیں۔ ان کے مطابق ان ترامیم کے تحت ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ایسے اختیارات دیے جا رہے ہیں جن سے وہ کسی بھی پیٹرول پمپ کو بند کر سکتے ہیں، جس سے کرپشن کے امکانات بڑھیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسوسی ایشن کا ایک وفد پیر کے روز وزیرِ پٹرولیم سے ملاقات کرے گا، اور اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو پیٹرول پمپس کی بندش جیسے سخت فیصلے ناگزیر ہوں گے۔

ایسوسی ایشن کے رکن راجہ وسیم نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کو اس قدر وسیع اختیارات دینا غیر مناسب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے قانون کے تحت خلاف ورزی پر کم از کم ایک کروڑ روپے جرمانہ اور پمپ کی زمین کی ضبطی بھی ممکن ہو گی، جو ناقابل قبول ہے۔

وائس چیئرمین ملک خدا بخش نے انکشاف کیا کہ اس وقت ملک میں تقریباً 40 فیصد ڈیزل ایرانی اسمگل شدہ ہے، جو کھلے عام فروخت ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، نہ کہ ڈیلرز پر غیر ضروری دباؤ ڈالنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں