لاہور ( اے بی این نیوز )لاہور میں 9 مئی کو جناح ہاؤس پر ہونے والے حملے کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز چوہدری، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت مجموعی طور پر 252 افراد پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
یہ کارروائی کوٹ لکھپت جیل میں قائم عدالت میں عمل میں لائی گئی، جہاں ملزمان کو سخت سیکیورٹی کے درمیان پیش کیا گیا۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ نامزد ملزمان میں سے پانچ افراد دورانِ مقدمہ انتقال کر چکے ہیں، جبکہ نو کو مفرور قرار دے کر اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔
فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد اب مقدمے کی باقاعدہ سماعت کا آغاز متوقع ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے تاریخ مقرر کرتے ہوئے گواہوں کو بھی طلب کر لیا ہے۔