اہم خبریں

افغان وبھارتی وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو ،دو طرفہ تعلقات اور تعان پرتبادلہ خیال

کابل (اے بی این نیوز)افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی اور بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے درمیان ٹیلی فون پر اہم گفتگو ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارت، سفارت کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیا تکل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ مولوی امیر خان متقی نے بھارت کو خطے کا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے افغانستان کے ساتھ اس کے تعلقات کو تاریخی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے بھارت میں زیر علاج افغان مریضوں کے لئے ویزوں کے اجراء، افغان قیدیوں کی رہائی اور ان کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔افغان وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی افغانستان کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو تاریخی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ بھارت افغانستان کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں تعاون جاری رکھے گا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے ایران کی چابہار بندرگاہ کی ترقی پر مشترکہ کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے اس گفتگو کی تفصیلات رپورٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر خارجہ جے شنکر نے پہلگام حملے کی مذمت کرنے پر افغانستان کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: یو اے ای میں ٹرمپ کا پرتپاک استقبال

متعلقہ خبریں