اہم خبریں

پاک بھارت جنگ بندی کے بعد تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل گئے

لاہور(اے بی این نیوز)پاک بھارت جنگ بندی کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے آج معمول کے مطابق کھل گئے۔ ذرائع کے مطابق تمام نجی و سرکاری سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے،لاہور تعلیمی بورڈ کے تحت انٹر پارٹ ٹو تھیوری کے امتحانات بھی آج سے شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں ۔

میٹرک امتحانات کے پریکٹیکل بھی آج سے شیڈول کے مطابق لئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو اور میٹرک پریکٹیکل کے ملتوی پرچوں کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ گزشتہ روز محکمہ سکول ایجوکیشن اتھارٹی اور ہائر ایجوکیشن نے 12 مئی سے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر(ایکس) پر پیغام جاری کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہناتھا کہ پنجاب میں تمام سکولز اور کالجز معمول کے مطابق کھلیں گے، تمام تر تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

اس سے پہلے ایک نوٹیفکیشن زیر گردش تھا جس میں پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا تاہم وہ جعلی اور ایڈٹ شدہ نوٹیفکیشن تھا۔ ادھر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے تمام سکولز کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام نجی اور سرکاری سکو ل اوپن ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پشاور زلمی کا پاکستانی پائلٹس کو خراج تحسین ،بڑے انعام کا اعلان

متعلقہ خبریں