اہم خبریں

پشاورخود کش دھماکہ میں شہدا کی تعداد 100ہو گئی

پشاور ( اے بی این نیوز ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے مبینہ خود کش دھماکے میں شہداء کی تعداد 100ہوگئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔دھماکے کے فوری بعد پولیس، سکیورٹی ، ریسکیو اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور شہداء اور زخمیوں کو نکال کر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جبکہ پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس افسروں وجوانوں میں سے ابتدائی طورپر 27 شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ گزشتہ رات پولیس لائن کے گراونڈ میں ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم میں لپٹے پولیس شہداء کے تابوتوں کو سلامی پیش کی ۔گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جائے دھماکا کے دورے کے دوران دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، ایسے عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
جبکہ نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پشاور پولیس لائن میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے بڑھتے خطرے سے نمٹنے کی ضرورت ہے، اپنی انٹیلی جنس کو بہتر اور پولیس کومناسب سہولتوں سے لیس کرنا ہوگا، چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی پشاور میں خودکش حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کے واقعات معنی خیز ہیں، دہشتگردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی، نیشنل ایکشن پلان ہی دہشتگردوں کا علاج ہے اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا، پیپلزپارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دیکر زخمیوں کی جان بچائیں۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا پشاور مسجد میں بم حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقدس مقام اور عبادت کے دوران حملہ سفاکیت کی انتہاء ہے، قوم باہمی اتحاد واتفاق سے ایسے سازشی عناصر کا مقابلہ کرے، حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے اللہ سے دعا گو ہوں، دعا کرتے ہیں کہ اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پولیس لائن کی مسجد میں دھماکا انتہائی دلخراش ہے، انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں۔

متعلقہ خبریں