لاہور(اے بی این نیوز)دریائے چناب میں بھارت کی جانب سے آنیوالے پانی میں اضافہہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاو 27 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ،بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں بغیر اطلاع اچانک پانی چھوڑنے کے باعث دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔
چند گھنٹوں پہلے تک خشک نظر آنے والا دریائے چناب اب 28 ہزار کیوسک پانی سے بھر گیا ہے جس کے باعث رات گئے سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے ذرائع کے مطابق بھارت نے 24 گھنٹے تک پانی کی مکمل بندش کے بعد بغیر کسی پیشگی اطلاع کے دریائے چناب میں بڑی مقدار میں پانی چھوڑ دیا، جس سے ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
اس غیر متوقع اقدام پر ماہرین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستان کے لیے ممکنہ سیلابی خطرات بھی بڑھا دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت کی اس روش کو سیاسی دباؤ کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جو خطے میں عدم استحکام کو مزید ہوا دے سکتی ہے۔
دریائے چناب کی تازہ صورتحال کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور نچلے درجے کے علاقوں میں مقیم آبادی کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ادھر انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے بھی دریائے چناب کی صورت حال پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ارسا حکام کے مطابق پانی کی آمد و رفت سے متعلق ڈیٹا کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
5ویٹو پاورز کا پاکستان کے حق میں ووٹ، بھارت نے پاکستان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ، شکست تسلیم کرلی