اسلام آباد ( اے بی این نیوز )تھائی لینڈ میں ہونے والے باکسنگ مقابلے میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی سکھ باکسر کو شکست دینے کے بعد امن اور محبت کی نئی مثال قائم کی۔ فائٹ کے اختتام پر شہیر آفریدی نے اپنے بھارتی حریف کو سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے آبائی مقام کرتارپور کی مٹی کا تحفہ دیا، جسے بھارتی باکسر نے خوشی سے قبول کیا اور عقیدت سے چوما۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کو بنیاد بنا کر پاکستان پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس، پاکستان کی جانب سے دوستی اور بھائی چارے کا پیغام دیا جا رہا ہے۔
شہیر آفریدی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ محبت اور امن کا پیغام دیتے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عزت اور محبت سے جینے کے خواہشمند ہیں، اور دنیا کو چاہیے کہ جنگ کے بجائے انسانیت کو فروغ دے۔