ریاض( اے بی این نیوز )سعودی عرب کی اینٹی کرپشن اتھارٹی نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ماہ مختلف وزارتوں سے تعلق رکھنے والے 358 سرکاری اہلکاروں کو کرپشن کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق زیرِ حراست افراد کا تعلق وزارتِ داخلہ، دفاع، انصاف، تعلیم، بلدیات و ہاؤسنگ، اور پانی و زراعت جیسے اہم اداروں سے ہے۔ ان افراد پر بدعنوانی، رشوت خوری اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے سنگین الزامات ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 140 مشتبہ سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو بھی حراست میں لیا گیا، جن میں سے کچھ کو ابتدائی تحقیقات کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر کے خلاف تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
یہ کارروائی سعودی حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف جاری سخت پالیسی کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ 2023 میں بھی 134 سرکاری ملازمین کو کرپشن کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا۔