اسلام آباد(اے بی این نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیمنٹ انڈسٹری کی جانب سے سیلز ٹیکس کی ادائیگی کیلئے کم از کم ریٹیل قیمت مقرر کردی۔ یہ نیا نظام یکم مئی 2025ء سے نافذ العمل ہوگا۔
ایف بی آر نے منگل کے روز سیمنٹ کی نئی قیمت سے متعلق ایس آر او 746(I)/2025 جاری کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد سیمنٹ ساز کمپنیوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر انڈر انوائسنگ کم قیمت پر رسیدیں جاری کرنے کی روک تھام ہے۔اس سلسلے میں قیمتوں کا تعین پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) کی شائع کردہ قومی اوسط ریٹیل قیمت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کی شق 2 کے کلاز 46کی پہلی پرووائزو کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے، ایف بی آر نے سیمنٹ کی کم از کم ریٹیل قیمت وہ مقرر کی ہے جو پی بی ایس کی ویب سائٹ پر حساس قیمت اشاریہ ایس پی آئی کے تحت ہر ماہ کی پہلی اور سولہویں تاریخ سے قبل شائع شدہ قومی اوسط قیمت ہوگی۔ یہ قیمت ہر پندرہ روزہ مدت کے آغاز پر لاگو ہوگی۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن یکم مئی 2025ء سے مؤثر ہوگا۔
مزید پڑھیں: بھارت نے سامبا کٹھور اور اکھنور سیکٹر میں مزید دیہات خالی کروالئے