اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان میں تعینات بھارتی سفارتخانے کے 13 ارکان، جن میں ایک سینئر سفارتکار اور ان کے اہلِ خانہ شامل ہیں، واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت واپس روانہ ہو گئے۔ یہ اقدام بھارت کی جانب سے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن کے دفاعی مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی سفارتی عملے کی واپسی بھی متوقع ہے، اور پاکستانی مشن کے اہلکار پیر کے روز وطن واپس پہنچیں گے۔ بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی سفارتکاروں پر بے بنیاد الزامات عائد کیے اور دفاعی، نیوی، ملٹری اور فضائی مشیروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
جواباً پاکستان نے بھی اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ان کی واپسی کا حکم دیا اور بھارتی سفارتی عملے کی تعداد 50 سے کم کر کے 30 کر دی۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے اس فیصلے سے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی ہوتی ہے اور یہ قدم جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔