اہم خبریں

پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدوں پر دستخط،کرپٹو شعبے میں نئے امکانات کا آغاز

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان کرپٹو کونسل اور عالمی مالیاتی ادارے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے، جس سے پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی راہیں کھلنے کی امید کی جا رہی ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن سعید، اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹو کونسل کا قیام عمل میں آ چکا ہے اور کرپٹو کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے قلیل عرصے میں اس شعبے میں قابلِ ذکر پیشرفت کی ہے۔

سی ای او پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن سعید نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں مالیاتی ترقی کی نئی بنیاد رکھے گی۔ زیک ویٹکوف نے پاکستان کو تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ یہاں طویل المدتی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس معاہدے سے پاکستان میں کرپٹو ریگولیشن، سرمایہ کاری، اور بلاک چین ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ ملے گا، جس سے ملکی معیشت کو ڈیجیٹل دور میں نئی جہت مل سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں