اہم خبریں

ملتان سلطانز کی پی ایس ایل 10 میں پہلی کامیابی، لاہور قلندرز کو شکست

ملتان (نیوز ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست دے کر رواں سیزن میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یاسر خان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں سکندر رضا کے علاوہ لاہور قلندرز کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا، پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بناسکی۔

لاہور قلندرز بیٹنگ
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن وہ زیادہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 14 گیندوں پر 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

محمد نعیم 11 رنز بناسکے، عبداللہ شفیق 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ڈیرل مچل بھی 19 رنز ہی بناسکے، رشاد حسین اور شاہین آفریدی 2،2 جب کہ آصف آفریدی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سیم بلنگز نے 23 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سکندر رضا نے 26 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 3، اسامہ میر اور مائیکل بریسویل نے 2،2 جب کہ جوش لٹل اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز بیٹنگ
ملتان سلطانز کی جانب سے دیگر میچوں کے مقابلے میں اس میچ میں نئی اوپنگ جوڑی نے جارحانہ آغاز فراہم کیا، یاسر خان اور محمد رضوان نے 7 اوورز میں 89 رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد رضوان 17 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عثمان خان نے بھی 24 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی، ایشٹن ٹرنر 15 اور مائیکل بریسویل 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تاہم، شائے ہوپ کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے یاسر خان نے اپنے رواں سیزن میں اپنے پہلے ہی میچ میں نصف سینچری اسکور کی، وہ 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

افتخار احمد نے آخری لمحات میں جارحانہ کھیل پیش کیا، وہ 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے رشاد حسین نے 2، شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ ملتان سلطانز نے 2 تبدیلیاں کی ہیں، عاقف جاوید اور شائے ہوپ کی جگہ ٹیم میں یاسر خان اور جوشوا لٹل کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل 10 میں اب تک فتح سے محروم رہی ہے، ملتان سلطانز کو پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 4 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دی جب کہ تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے 120 رنز سے شکست دی۔

دوسری جانب، ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد لاہور قلندرز بقیہ دونوں میچز جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

متعلقہ خبریں