اسلام آباد (اے بی این نیوز )ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان، سوات اور مالم جبہ میںرات گئے سے جاری برفباری نے موسم ٹھنڈا ٹھار کر دیا ۔پارہ چنار اور کوہ سفید پر بھی برف باری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے،میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ملکہ کوہسار ،مری اور گلیات میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔سیاحتی مقامات ایوبیہ ،شانگلہ گلی، ڈونگا گلی ،نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں دو انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی13، کالام اور پاراچنار میں منفی8، مالم جبہ میں منفی 7ریکارڈ کیاگیا۔















