اہم خبریں

پشاور، نوشہرہ، مردان، ہری پور، لنڈی کوتل سمیت کئی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری،موسم خراب ہونے کا الرٹ جاری

پشاور (اے بی این نیوز  ) پشاور، نوشہرہ، مردان، ہری پور، لنڈی کوتل، مالاکنڈ، سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ بیشتر اضلاع میں ژالہ باری سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ چترال میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

پشاور، مردان، ہری پور، لنڈی کوتل، چترال سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن بھر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر بارش اور ژالہ باری سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، تورغر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مہمند اور باجوڑ سمیت صوبے بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو 20 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
دریائے کابل اور اس سے متصل دریاؤں میں آج سے 20 اپریل تک شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔لنڈی کوتل اور ملحقہ علاقوں میں بارشیں داخل ہوگئیں، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی، طورخم بارڈر پر شدید ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

تیز مغربی ہوا خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں رات کے وقت داخل ہو رہی ہے اور تیز بارش کا سلسلہ 20 اپریل تک جاری رہے گا۔دوسری جانب ملک میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی وارننگ کے بعد ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ شیخوپورہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب میں موسم خراب ہونے کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شدید موسمی حالات کی وارننگ جاری کی ہے۔ادھر شیخوپورہ میں بارش کے دوران کھیتوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ فیصل آباد میں بھی دو افراد زخمی ہوئے۔ چنیوٹ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

غذر اور اس کے گرد و نواح کے شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی واپس آگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شدید موسم کی وجہ سے بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان، پی ڈی ایم اے نے احتیاطی تدابیر کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیاگیا

متعلقہ خبریں