اہم خبریں

عمران خان سے غداری نہیں کر سکتا، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز بنانے والےمحمود خان منظر عام پر آگئے

پشاور( اے بی این نیوز   ) خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان ایک بار پھر منظرعام پر آگئے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی عمران خان کے ساتھ غداری نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ بانی چیئرمین اور پارٹی کے مفاد میں کیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کمپرومائزڈ ہے اور خیبرپختونخوا میں جو سیاسی کھیل جاری ہے، اس کا کردار انہیں بھی پیش کیا گیا تھا۔

محمود خان نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی انہیں اپنی صفوں میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی، لیکن انہوں نے ان پیشکشوں کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اقتدار کے بھوکے ہوتے تو آج وفاقی وزیر ہوتے، لیکن انہوں نے اصولوں کو ترجیح دی۔

یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے بعد عمران خان نے انہیں خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا اور وہ اگست 2018 سے جنوری 2023 تک اس منصب پر فائز رہے۔ تاہم 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد محمود خان نے دیگر کئی رہنماؤں کی طرح پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

بعدازاں انہوں نے پرویز خٹک کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے نام سے نئی جماعت قائم کی، تاہم عام انتخابات میں دونوں رہنما اپنی نشستیں بھی نہ جیت سکے۔

مزید پڑھیں :پاکستان میں رہتےہوئےتمام سیاسی جماعتیں اپنےحقوق کی جنگ لڑسکتی ہیں، مولانافضل الرحمان

متعلقہ خبریں