اہم خبریں

کل جماعتی حریت دفتر کی ضبطی غیر جمہوری فعل، بھارت کو کشمیر سے نکلنا ہو گا،حمزہ مجید بزمی

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے مر کزی رہنما حمزہ مجید بزمی نے کہا ہے کہ بھارت چاہے جتنے بھی ستم ڈھا لے کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ۔انہوں نے بھارتی کٹھ پتلی عدالت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفترکو ضبط کرنے کے حکم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کی کینگرو عدالتیں متنازعہ علاقے میں کشمیریوں پر اپنے فیصلے مسلط نہیں کرسکتیں۔ بھارت اپنی کینگرو اور ہندو توا کی پیرو کار عدالتوں کے زریعے کشمیریوںکو ان کی حق پر مبنی عالمی سطح پر تسلیم شدہ جدوجہد آزادی سے دستبردار نہیں کراسکتا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اوربھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے اس پر غیرقانونی طور قابض ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کشمیریوں کے حقوق کے لئے پرامن جدوجہدکررہے ہیں اوربھارت اس طرح کے غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات سے کشمیری عوام کے دلوں سے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں اسرائیلی طرز کی کارروائیاں شروع کرکے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور بھارتی کٹھ پتلی و کینگرو عدالتوں کے یہ فیصلے بھی ان ہی کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ کشمیری بھارت کے ان ظالمانہ،غیرقانونی اور غیرانسانی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرکے اپنی جدوجہد کو منزل کے حصول تک جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائے گی اور کشمیری شہداء کو سلام عقیدت پیش کرے گی ،انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی جدو جہد آزادی میں پیپلز پارٹی ان کیساتھ پوری قوت کیساتھ کھڑی تھی ہے اور رہے گی۔

متعلقہ خبریں