اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) آئی ایم ایف کے مطالبے پر لیوی میں اضافہ، پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ حکومت ایک بار پھر آئی ایم ایف کے مطالبات کے سامنے جھک گئی، پیٹرولیم لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔
حکومت نے اگلے 15 روز تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے اعلان کے اگلے ہی روز پیٹرول لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں اضافے کا اطلاق آج (16 مارچ) سے ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے کیے گئے مطالبے کے بعد لیوی میں یکمشت 10 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق لیوی بڑھانے کا فیصلہ آئی ایم ایف کے قرض کی اگلی قسط کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا۔ اس حوالے سے ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے حکام کو ٹیکس ریونیو میں کمی کو پورا کرنے کا موقع ملتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر حکومت نے لیوی میں اضافہ کرکے ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کو روک دیا ہے، اس طرح عوام پر مالی بوجھ برقرار ہے۔ یاد رہے کہ پیٹرولیم لیوی میں اضافہ حکومت کی جانب سے آئندہ 15 روز تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے اعلان کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :پی سی بی نے جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کوربن بوش کو قانونی نوٹس بھیج دیا