اہم خبریں

جعفر ایکسپریس سانحہ: شہداء کے ورثاء کو 52 لاکھ روپے، بچوں کو ریلوے میں نوکری دینے کا اعلان

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے سانحہ جعفر ایکسپریس میں شہداء کے لواحقین کو 52 لاکھ روپے معاوضہ دینے اور ان کے بچوں کے لیے ریلوے میں نوکری فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد چاہے پاکستان میں چھپے ہوں یا افغانستان فرار ہو جائیں، انہیں نہیں چھوڑا جائے گا۔

ریلوے کے وزیر کے طور پر اپنے پہلے پریس کانفرنس میں حنیف عباسی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے سے بھارتی دشمنی بے نقاب ہو گئی ہے، اور اس میں افغانستان بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اب کسی بھی دہشت گرد کو معاف نہیں کرے گی، اور اس حملے پر ایک طرف قوم غمگین ہے تو دوسری طرف ایک سیاسی جماعت نے وہی بیانات دئیے جو بھارت نے دیے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بریگیڈ اور بھارتیوں نے فوج کو ہدف بنایا ہے، لیکن نواز شریف یا شہباز شریف کو نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کروڑوں اور اربوں روپے فوج کو نشانہ بنانے کے لیے پی ٹی آئی کو نہیں ملے؟ وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کا آغاز جلد ہوگا اور وہ اسے اپنے فنڈز سے شروع کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ ریلوے میں وقت پر ٹرینوں کا چلنا، صفائی، اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس میں مداخلت نہیں کی جائے گی، بلکہ ان کی معاونت کی جائے گی، اور ان کا اسکیل پنجاب پولیس کے مساوی کر دیا جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، اسٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب، اور کارگو کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ اسی طرح مسافر ٹرینوں میں ریونیو میں اضافے کی طرح سستا کارگو بھی فراہم کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کالعدم تنظیم نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی تھی، جس پر قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یہ قرارداد پیش کی، جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کے دستخط موجود تھے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والی دہشت گردی کی ہر کارروائی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا عزم کرتی ہے اور کسی بھی فرد یا گروہ کو ملک کے امن، خوشحالی یا خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں