اہم خبریں

دہشت گردوں کا جعفر ایکسپریس پر حملہ،مسافروں کو یرغمال بنالیا، فورسز کا کلیئرنس آپریشن شروع

کو ئٹہ ( اے بی این نیوز )بلوچستان میں بولان پاس کے علاقہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ۔ دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ علاقہ انتہائی دشور گزار ہونے کے باوجود فورسز نے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔ یرغمال مسافروں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
دہشتگرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے رابطے ہیں۔ دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر شدید فائرنگ، ایک ڈرائیور زخمی۔ ٹرین میں تقریباً 450 مسافر سوار ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں 450 کے قریب مسافر سوار ہیں۔ مسافروں اور عملے سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ جعفر ایکسپریس صبح 9 بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گڈالور اور پیرو کنری کے درمیان شدید فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔ سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایمبولینسیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں تاہم پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے ایک ریلیف ٹرین جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہے۔ جبکہ سیکورٹی فورسز بھی مذکورہ علاقے کی جانب روانہ ہیں۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام اداروں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

چیئرمین سینیٹ کی مچھ کے قریب جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ ملک کے امن پر حملہ ہے۔دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ ملک میں بدامنی پھیلانے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔ دہشتگردوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلوں کی پہچان ہے۔ امن دشمنوں کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی وکلاء اور علیمہ خان کے مابین شدید تلخ کلامی،تند و تیز سوالات و جوابات، وکلاء نعیم پنجوتھا کو پکڑ کرسائیڈ پر لے گئے

متعلقہ خبریں