کوہاٹ (اے بی این نیوز)کوہاٹ میں تفریحی مقام تانڈہ ڈیم کے قریب فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے،واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تفتیش کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوہاٹ کے تفریحی مقام تانڈہ ڈیم پر فائرنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہلکار غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمٰن جاں بحق ہوگئے، ڈی پی او ڈاکٹر زاہد کے مطابق پولیس کی بھاری نفری موقع پر روانہ کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے، تفتیشی عمل جاری ہے۔دریں اثنا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمٰن کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمن نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، خیبرپختونخوا پولیس کےسپوتوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔