پنسلوانیا (اے بی این نیوز)امریکی ریاست پنسلوانیا کی لنکاسٹر کاؤنٹی میں چھوٹا طیارہ پارکنگ میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 5 افراد زخمی ہوگئے، اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
امریکی نیوز آؤٹ لیٹ سی این این کے مطابق مینہیم ٹاؤن شپ فائر کے سربراہ اسکاٹ لٹل نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ سنگل انجن والا بیچ کرافٹ بونینزا طیارہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی سہ پہر سہ پہر 3 بج کر 18 منٹ پر مینہیم ٹاؤن شپ میں برادران ولیج ریٹائرمنٹ کمیونٹی کی جائیداد پر گر کر تباہ ہوا، اسکاٹ لٹل کے مطابق جہاز میں 5 افراد سوار تھے، جنہیں مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ پارکنگ میں گرنے سے تقریباً ایک درجن کاروں کو نقصان پہنچا ہے، ریٹائرمنٹ کمیونٹی کی عمارت کو کوئی ساختی نقصان نہیں پہنچا اور زمین پر موجود کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔
جائے وقوعہ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کا ملبہ شعلوں اور سیاہ دھوئیں کی لپیٹ میں ہے، اسکاٹ لٹل کے مطابق آگ پر پانی کی وافر مقدار کا استعمال کرتے ہوئے قابو پا لیا گیا ہے۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ وہ اس حادثے کی تحقیقات کرے گی، جو جنوری میں فضائی حادثے اور ملک بھر میں متعدد طیاروں کے حادثات کے بعد پیش آیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا میں خاتون کے ہاں 13 پائونڈ وزنی بچی کی پیدائش ،ڈاکٹرز بھی حیران