پشاور( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد طوری نے کہا ہے کہ سنٹرل ایشیا تک رسائی کیلئے خرلاچی اور غلام خان کے راستے معیاری سڑک کی تعمیر کیساتھ ریلوے ٹریک بچھائی جارہی ہے جس کیلئے ٹل میں حب بنایا جائے گا ،چھ لاکھ پینسٹھ ہزار افراد کو روزگار کیلئے مختلف ممالک بھیجا جا چکا ہے جبکہ مزید دس لاکھ افرادکو بھی دوسرے ممالک میں روزگار کی غرض سے بھیجا جارہا ہے ۔گورنر کاٹیج پاراچنار ضلع کرم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ،لیبر اور انسانی وسائل ساجد طوری نے کہا کہ مختلف ممالک کو ہنر مند روزگار کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور کئی ممالک کیساتھ کامیاب بات چیت ہوئی ہے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کرم واصل خان خٹک ڈی پی او عبدالصمد خان کے علاہ ضلع بھر کے قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر ساجد طوری کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے جیلوں سے سو قیدیوں کو رہا کرایا گیا ہے جبکہ مزید اکتیس سو قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے اور عرب امارات سے ڈیپورٹ کئے جانے والے افراد کے مسائل بھی حل کئے جارہے ہیں ساجد طوری کا کہنا تھا کہضلع کرم کے علی زئی بگن اور ڈوگر میں نادرا آفس قائم کئے گئے ہیں جبکہ سمیر اور اپر کرم میں بھی نادرا کا مزید ایک مرکز قائم کیا جارہا ہے ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے ساجد طوری نے کہا کہ اب نقد رقومات کیساتھ طلباء کو وظائف بھی دئیے جائیں گے، انھوں نے شروع ہونے والی مردم شماری میں عوام سے بھر پور دلچسپی لینے پر زور دیا اور کہا کہ مردم شماری کی بنیاد پر ہی عوام کو بنیادی سہولیات دئیے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں مزید چار نئے ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔