اہم خبریں

بنگلہ دیش کے مایہ ناز کرکٹر نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

ڈھاکہ ( اے بی این نیوز)بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر مشفق الرحیم نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے میچ کھیلنے والے سینئر بلے باز مشفق الرحیم نے سوشل میڈیا پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بنگلہ دیش کی تاریخ کے کامیاب بیٹرز میں سے ایک مشفق الرحیم نے کہا کہ میں آج سے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں اور جو کچھ حاصل کیا اس پر اللہ کا شکرگزار ہوں۔مشفق الرحیم نے کہا کہ عالمی سطح پر ہماری کامیابی محدود ہوں تاہم ایک چیز واضح ہے کہ جب بھی میں اپنے ملک کے لیے میدان میں اترا میں پوری دیانت داری اور عزم کے ساتھ 100 فیصد سے زیادہ توجہ دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے گزشتہ چند ہفتے بہت چیلنجنگ رہے اور میں محسوس کیا کہ یہی میری منزل ہے اور اللہ نے قرآن میں کہا ہے کہ ’و تعز من تشا و تزل من تشا‘۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہمیں ایمان سے نوازے اور ہمارےگناہوں پر معافی دے۔بنگلہ دیشی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں اپنے خاندان، دوستوں اور مداحوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے لیے میں گزشتہ 19 سال سے کرکٹ کھیل رہا ہوں۔

بنگلہ دیش کے سابق کپتان 37 سالہ مشفق الرحیم 6 اگست 2006 کو زمبابوے کے خلاف ہرارے میں ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور آخری میچ 24 فروری 2025 کو چمپیئنز ٹرافی کے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔مشفق الرحیم نے 274 ون ڈے میچز میں 9 سنچریوں اور 49 نصف سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار 795 رنز بنائے جو کہ بنگلادیش کی جانب سے دوسرے سب سے زیادہ رنز ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں چھکوں کی سنچری بھی مکمل کر رکھی ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تمیم اقبال ہیں جنہوں نے 8 ہزار 357 رنز بنائے ہیں اور دوسرے نمبر پر مشفق الرحیم ہیں جبکہ تیسرا نمبر شکیب الحسن کا ہے۔

وکٹوں کے پیچھے مشفق الرحیم نے بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ 299 شکار کیے جن میں 243 کیچ اور 56 اسٹمپ شامل ہیں۔مشفق الرحیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے 2 سال قبل ہی ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے، انہیں 100 ٹیسٹ کھیلنے والا پہلا بنگلادیشی کرکٹر بننے کے لیے مزید 6 ٹیسٹ کھیلنا ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکہ کیخلاف ہر قسم کی جنگ کیلئے تیار ہیں،امریکی ٹیرف پر چین کا سخت ردعمل

متعلقہ خبریں