واشنگٹن(اے بی این نیوز)چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تجارتی ٹیرفز میں اضافے کے جواب میں امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتیں تجارتی جنگ کی جانب بڑھ رہی ہیں، جب کہ ٹرمپ نے تمام چینی مصنوعات پر مزید ٹیرف عائد کر دیا ہے۔ چین نے بھی فوری طور پر جواب دیتے ہوئے امریکی زرعی مصنوعات پر 10-15 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے۔
چینی سفارتخانے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر امریکہ کو جنگ کی خواہش ہے، چاہے وہ ٹیرف جنگ ہو، تجارتی جنگ ہو یا کوئی اور قسم کی جنگ ہو ہم آخر تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔یہ بیان چین کی جانب سے صدر ٹرمپ کے دور میں سب سے سخت ردعمل میں سے ایک ہے اور اس کا اعلان اس وقت کیا گیا جب بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کا اجلاس جاری تھا۔
بدھ کے روز چین کے وزیرِ اعظم لی قیانگ نے اعلان کیا کہ چین اس سال اپنی دفاعی بجٹ میں 7.2 فیصد اضافہ کرے گا اور خبردار کیا کہ دنیا میں ایک صدی سے بھی زیادہ عرصے میں جو تبدیلیاں آ رہی ہیں، وہ تیز رفتاری سے ہو رہی ہیں، یہ اضافہ متوقع تھا اور پچھلے سال کے دفاعی بجٹ میں بھی یہی شرح تھی۔
چین کے سفارتخانے نے واشنگٹن میں ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی وزارتِ خارجہ کے ایک بیان میں چین پر فینٹانائل منشیات کے دھندے کا الزام لگایا گیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فینٹانائل کے معاملے کو چین کے خلاف امریکی ٹیرف بڑھانے کے لیے ایک کمزور بہانہ بنایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: کوہلو،ماوند کے پہاڑی سلسلے میں لگی آگ کی شدت میں اضافہ