لاہور( اے بی این نیوز)رمضان المبارک کے پہلے روزے میں ہی سبزیاں، پھل اور گوشت مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے، مہنگائی اور گراں فروشی سے شہری پریشان ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنرز پرائز کنٹرول مجسٹریٹ گراں فروشی روکنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
سبزیوں میں آلو دوئم 45 کے بجائے 80 سے 100 روپے فی کلو، پیاز 70 کے بجائے 120 روپے، ٹماٹر 40 کے بجائے 100 روپے، لہسن دیسی 600 کے بجائے 800 روپے اور ادرک 370 کے بجائے 600 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔
شملہ مرچ اور بھنڈی 300 روپے، میتھی 100 روپے اور کریلے 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔پھلوں میں سیب 400 روپے کلو، کیلا 300 روپے درجن اور کھجور ایک ہزار روپے کلو تک پہنچ گئی۔ خربوزہ 250 سے 300 روپے فروخت ہو رہا ہے۔مرغی کا گوشت 625 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ بکرے کا گوشت 2500 اور گائے کا گوشت 1200 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ڈی سی کا کہنا تھا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز پرائز کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کریں، روزانہ کی بنیاد پر گراں فروشی کرنے والوں کو جیل بھجوانے کے ساتھ بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ رمضان میں گراں فروشی کو کنٹرول کرے۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف دور حکومت میں کرپشن کی تحقیقات ،پبلک کمیٹی کا بڑا فیصلہ