اسلام آباد ( اے بی این نیوز ): وزیراعظم نے ایکسپورٹ فیسیلٹییشن اسکیم کے خلاف شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزیر خزانہ، وزیر تجارت اور چیئرمین ایف بی آر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ ایف بی آر کے ممبر کسٹمز پالیسی اور ممبر آئی آر پالیسی بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے، جبکہ سیکرٹری تجارت کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق، نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، جن میں چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (APTMA)، چیئرمین پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ مزید براں، مصدق ذوالقرنین اور شہزاد سلیم کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی کو ایکسپورٹ فیسیلٹییشن اسکیم سے متعلق جامع سفارشات تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اور انہیں دو ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیٹی کو وزارت تجارت کی جانب سے سیکریٹریٹ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔