اہم خبریں

پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہ بن سکی، ایک سال بعد شہباز شریف نے کابینہ میں توسیع کر دی

اسلام آباد (رضوان عباسی ) وفاقی حکومت نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 12 وفاقی وزراء اور 9 وزرائے مملکت کو شامل کر لیا، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی اس توسیع کے باوجود وفاقی کابینہ کا حصہ نہ بن سکی۔ حکومت نے اتحادی جماعتوں کو کابینہ میں نمائندگی دی ہے، جس کے تحت بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر خالد حسین مگسی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔کابینہ ڈویژن نے 12 وفاقی وزراء اور 9 وزرائے مملکت کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔ وزیرِاعظم کے تین نئے مشیروں کی تقرری اور چار معاونین خصوصی کی تعیناتی کا بھی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدرِ مملکت نے نو منتخب وزراء اور وزرائے مملکت سے حلف لیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے تین مشیر اور چار معاونین خصوصی بھی کابینہ کا حصہ بن گئے۔ابتدائی طور پر وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ 24 ارکان پر مشتمل تھی، جس میں 18 وفاقی وزراء، 2 وزراء مملکت، 1 مشیر اور 3 معاونینِ خصوصی شامل تھے۔ علی پرویز اور شیزا فاطمہ بطور وزیرِ مملکت کابینہ میں شامل تھے، جبکہ محمد علی وزیراعظم کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ تازہ توسیع کے بعد کابینہ کے ارکان کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق، تین نامزد وزراء ٹریفک میں پھنسنے کے باعث تقریب میں بروقت نہ پہنچ سکے اور حلف نہ اٹھا سکے۔ عمران شاہ کو وفاقی وزیر جبکہ شاذرا منصب اور ارمغان سبحانی کو وزیرِ مملکت کے طور پر حلف اٹھانا تھا، تاہم وہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں حنیف عباسی، معین وٹو، مصطفیٰ کمال، سردار یوسف، علی پرویز، شزہ فاطمہ، جنید انور، خالد حسین مگسی، پیر عمران شاہ، اورنگزیب کھچی، رانا مبشر اور رضا حیات ہراج شامل ہیں جبکہ حلف اٹھانے والے وزرائے مملکت ملک رشید، ارمغان سبحانی، طلال چوہدری، کھیئل داس، رحمٰن کانجو، بلال کیانی، مختار بھرت، شذرہ منصب، انور چوہدری اور وجیہہ قمر شامل ہیں ۔ وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ، پرویز خٹک اور محمد علی بھی منتخب جبکہ وزیراعظم کے معاونین خصوصی میں ہارون اختر خان، حزیفہ رحمان، مبارک زیب اور طلحہ برقی شامل نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد علی پرویز ملک اور شیزا فاطمہ کو بطور وزیرِ مملکت جبکہ محمد علی کو بطور معاون خصوصی سبکدوش کر دیا گیا ہے۔ نئے وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونینِ خصوصی کے قلمدانوں کا تاحال اعلان نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں مزید رد و بدل بھی متوقع ہے، جبکہ وزراء کے محکموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں :ابوظہبی کے ولی عہد دور ہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

متعلقہ خبریں