اہم خبریں

اسلام آباد ہائی کورٹ: غیر قانونی بھرتیوں کی انکوائری مکمل، متعلقہ افسران بری،کیس بند کرنے کا حکم

اسلام آباد( محمد ابراہیم عباسی    ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ کورٹس (ایسٹ ڈویژن)، اسلام آباد میں 2012 میں ہونے والی غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات مکمل ہونے پر باضابطہ آفس آرڈر جاری کر دیا۔ یہ انکوائری جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں کی گئی تھی، جس میں بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لیا گیا۔

انکوائری رپورٹ میں قرار دیا گیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج واجد علی اور عبدالغفور کاکڑ کا کردار اجتماعی تھا، کیونکہ کمیٹی کے تمام اراکین کو برابر کا اختیار حاصل تھا۔ لہٰذا، کسی ایک فرد کو بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ اس بنیاد پر ان دونوں جج صاحبان کو الزامات سے بری کر دیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید کوثر عباس زیدی اور عطیق الرحمٰن پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں، جبکہ سابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عامر عزیز خان اور سابق ڈپٹی رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ امتیاز احمد بھی ریٹائر ہو چکے ہیں۔ اس لیے ان کے خلاف مزید کارروائی بند کر دی گئی ہے۔

یہ انکوائری ان بھرتیوں کے حوالے سے کی گئی تھی جو 2012 میں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے کی گئی تھیں۔ معزز چیف جسٹس نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے کیس کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

متعلقہ خبریں