اسلام آباد (اے بی این نیوز )شیر افضل مروت کی پی ٹی آئی میں واپسی ممکن ہے یا نہیں؟ سلمان اکرم راجہ کا بڑا بیان آگیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کو پارٹی میں واپسی کا موقع دینے کا کہا ہے، ہم انہیں ایک ایک موقع دیں گے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی متحد ہے اور پالیسی بالکل واضح ہے، جو بھی پارٹی میں شامل ہونا چاہتا ہے اسے اپنی زبان پر قابو رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور عمران خان کی ہدایت کے مطابق خدمات سرانجام دے رہے ہیں، پی ٹی آئی کے بانی نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، پنجاب میں آئے روز ایک نیا واقعہ سامنے آتا ہے، ہم ملک کے ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر افسردہ ہیں، موجودہ حکومت نے کرکٹ کو بھی تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا کرکٹ سے تعلق ہے، اگر تکنیکی معاملات خوش اسلوبی سے لوگوں کے حوالے کیے جائیں تو ایسا ہی ہو گا، جیسا ہو رہا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کو بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی نے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے عمران خان کو اپنے دورہ سندھ کے حوالے سے مکمل تفصیلات بتا دی ہیں۔
مزید پڑھیں :15سال بعد آخر کار انصاف مل ہی گیا،سپریم کورٹ نے اغواوقتل کے2ملزمان کوعدم شواہدپر بری کر دیا