جدہ(نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں سعودی سینٹرل بینک نے بینکنگ سیکٹر میں رمضان المبارک کے ایام میں اوقاتِ کار اور عید الفطرکی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک میں مملکت کے تمام بینکوں میں کام کا آغاز صبح 10بجے جبکہ اختتام سہ پہر 4 بجے ہوگا،
رپورٹس کے مطابق سینٹرل بینک کی جانب سے عیدالفطر کی تعطیلات کے حوالے سے کہا گیا کہ ’یکم شوال بروز اتوار 30 مارچ سے عیدالفطر کی تعطیلات کا آغاز ہو گا اور 4 شوال بمطابق بدھ 2 اپریل تک جاری رہیں گی۔
‘ رپورٹس کے مطابق عیدالاضحی کی تعطیلات کا آغاز جمعرات 9 ذوالحجہ 1446 بمطابق 5 جون 2025 سے ہوگا اور 10 جون 2025 تک جاری رہیں گی ۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ سرحدی علاقوں میں عازمین حج اورعمرہ زائرین کی سہولت کیلئے مخصوص برانچیں دوران تعطیلات حسب معمول کام کرتی رہیں گی تاکہ عازمین وعمرہ زائرین کو مشکلات پیش نہ آئیں۔
اس سے قبل سعودی عرب میں وزارت صحت نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند زائرین کیلئے گردن توڑ بخار ویکسین لگوانے کی سخت تاکید کی ہے،رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’یہ اقدام صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوششوں کے تحت کیا جا رہا ہے‘۔
وزارت صحت کے مطابق عمرہ کیلئے روانگی سے کم از کم دس دن پہلے گردن توڑ بخار ویکسین ضروری لگوائیں تاکہ مطلوبہ مدافعت حاصل کی جا سکے۔ وزارت صحت کی جانب سے یہ بھی وضاحت کی گئی کہ وہ افراد جو گزشتہ پانچ سالوں کے دوران یہ ویکسین لے چکے ہیں انہیں دوبارہ ویکسین لگوانے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کی تاثیرکی مدت برقرار ہے۔ گردن توڑ بخار سانس کے ذریعے خارج ہونے والے ذرات، جیسے کھانسی یا چھینک کے ذریعے پھیلتی ہے جس کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔
نیتن یا ہو بیٹے کے قاتلانہ حملہ میں بال بال بچ گئے، اسرائیلی رکن پارلیمنٹ کا انکشاف