اسلام آباد ( اے بی این نیوز )برطانیہ میں ایپل کی جانب سے ایک اعلی سطحی حفاظتی خصوصیت ’اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن‘ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا جو کلاؤڈ ڈیٹا کی حفاظت کرتا ہے۔ یہ فیصلہ ایپل نے حکومتی دباؤ میں آکر کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایپل کا ”ایڈوانسڈ ڈیٹا پروٹیکشن“ فیچر، جو صارف کے ڈیٹا کے لیے اضافی انکرپشن سیکیورٹی فراہم کرتا ہے، اب برطانیہ میں نئے صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔ ایپل کے مطابق برطانیہ کے موجودہ صارفین کو کسی بھی وقت یہ فیچر بند کرنا پڑ جائے گا۔عام طور پر حکومتیں جرائم پر نظر رکھنے اور کیسز حل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کمپنیوں سے صارف کے ڈیٹا کی فراہمی کا مطالبہ کرتی ہیں تاہم برطانوی حکومت کا یہ مطالبہ خاص طور پر وسیع سمجھا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ برطانیہ اپنے انویسٹی گیٹری پاورز قانون 2016 کے تحت ایسے نوٹس جاری کرتا ہے، جو مواصلات کو روکے جانے اور حاصل کرنے کے لیے مختلف موجودہ طاقتوں کو یکجا کرتا ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ڈیٹا انکرپشن کی خصوصیات مجرموں کو پکڑنا مشکل بنا دیتی ہیں، وہیں ٹیکنالوجی کمپنیاں طویل عرصے سے اپنے صارفین کے پرائیویسی کے حق کا دفاع کرتی آئی ہیں۔
ایپل نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ کے صارفین کو اپنے مضبوط ترین ڈیٹا کے تحفظ کی پیشکش نہیں کر سکتا، کیونکہ ڈیٹا کی خلاف ورزی اور رازداری کے خطرات بدتر ہو رہے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کی حکومت نے ایپل کمپنی سے کہا کہ وہ اسے ایپل کے کلاؤڈ پر محفوظ کردہ انکرپٹڈ صارف کے ڈیٹا تک وسیع رسائی فراہم کرے۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ہوم آفس کے ترجمان نے کہا کہ وہ حساس یا رازدارانہ معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے اور اگر انہوں نے ایپل سے کوئی درخواست کی ہے تو اس کی تصدیق یا تردید نہیں کریں گے۔