اسلام آباد ( اے بی این نیوز )سہ فریقی سیریز کے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لیے 353 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کی فاتح ٹیم 14 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں میدان میں اترے گی۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 353 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز:
پروٹیز کے کپتان ٹیمبا باؤما نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویان ملڈر کے علاوہ دیگر تمام کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
کپتان ٹیمبا باؤما 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ٹونی ڈی زورزی نے 22 رنز کی تیز اننگز کھیلی، جبکہ اپنے ڈیبیو میچ میں 150 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے میتھیو بریزکے نے آج بھی 83 رنز بنا کر اپنی فارم برقرار رکھی۔ ٹیم میں واپسی کرنے والے ہینرک کلاسن نے 56 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ کائل ویرینے 44 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور کوربن بوش 15 رنز پر موجود رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس میچ سے پہلے پاکستانی ٹیم میں انجری کے شکار حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا، اور کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو موقع دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے بھی اپنی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کیں، جن میں ٹونی ڈی زورزی، ہینرک کلاسن، کوربن بوش اور کیشو مہاراج کو شامل کیا گیا۔
پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ یہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے ایک اچھا موقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میچ کے ذریعے ہمیں اپنی رفتار حاصل کرنی ہے تاکہ ہم چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ میچ ٹیم کے اعتماد کے لیے بہت اہم ہے اور کلاسن کی واپسی سے ٹیم میں مزید قوت آئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر فاسٹ بولرز کے لیے وکٹ حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔
پاکستانی ٹیم: محمد رضوان (کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، نسیم شاہ، ابرار احمد۔
جنوبی افریقی ٹیم: ٹیمبا باووما (کپتان)، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریزکے، ہینرک کلاسن، کائل ویرینے، ویان ملڈر، کوربن بوش، سینوران متھوسوامی، تبریز شمسی، کیشو مہاراج اور لونگی نگیڈی۔