اہم خبریں

عظمیٰ بخاری کاعلی امین گنڈا پور کوبڑا چیلنج

پنجاب ( اے بی این نیوز )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو چیلنج کرتے ہوئے سوال کیا کہ انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟ پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 8 فروری کا دن پاکستانی تاریخ میں اہمیت رکھتا ہے، جسے ملک کی تعمیر و ترقی کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال انتخابات سے پہلے ملک میں افراتفری کا عالم تھا، عدالتوں پر حملے ہو رہے تھے، اور آئی ایم ایف کو خط لکھوائے جا رہے تھے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ 8 فروری کو شہباز شریف کی قیادت میں حکومت آئی اور پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا گیا، جس کے نتیجے میں پنجاب میں مریم نواز کی حکومت آئی اور عوام کو سکون ملا۔

انہوں نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سکالرشپس، لیپ ٹاپ، نئے اسپتال، اور سولر پروگرامز دیے گئے، جبکہ 54 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈا پور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت یوم سیاہ منا رہی ہے، اور ان کے اعمال بھی سیاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 12 سال سے حکومت ہے اور عوام کو فتنہ، فساد اور انتشار کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج صوابی میں جلسہ ہو رہا ہے اور نئے صدر نے بڑی رقم طلب کی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے صحافیوں سے درخواست کی کہ وہ حلقوں میں جا کر یہ دیکھیں کہ جلسے میں کتنے لوگ شریک ہوئے ہیں، کیونکہ عوام کسی بھی احتجاج میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

آخر میں، وزیر اطلاعات پنجاب نے علی امین گنڈا پور کو چیلنج کیا کہ وہ صوابی جلسے میں اپنی کارکردگی پیش کریں اور بتائیں کہ خیبرپختونخوا کے لیے انہوں نے کیا کیا؟

متعلقہ خبریں