اہم خبریں

چمن میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام،دستی بم ،اسلحہ اور گولا بارود برآمد

چمن (نیوز ڈیسک )سیکیورٹی فورسز نے چمن میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں گولا، بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کرلیے، پشین ڈی سی کمپلیکس کے باہر سے بم برآمد ہوا، جسے ناکارہ بنادیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ چمن میں کارروائی کےدوران مائنز، راکٹ لانچر اور دستی بم برآمد کرلیے گئے ۔فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ٹھکانے میں چھپائے گئے پرائما کارڈ، سیفٹی پن، اینٹی ایئر کرافٹ مارٹر گولے اور سیٹلائٹ فون بھی بر آمد کر لیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد کیا گیا یہ اسلحہ اور گولا بارود دہشت گردی کی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا۔

ادھر پشین میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کمپلیکس کے باہر خود ساختہ بم برآمد ہوا، لیویز ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنادیا، خود ساختہ بم سیمنٹ بلاک میں نصب کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ یکم فروری کی شب بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن شروع کیا تھا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
مزید پڑھیں: ایرانی کشتی میں آتشزدگی ،3 جاں بحق،20 افراد سمندر میں کود گئے

متعلقہ خبریں