اسلام آباد ( اے بی این نیوز )یوم یکجہتی کشمیر کل منایا جائے گا۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستان بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتیں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کل ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منائیں گی۔ وفاقی حکومت نے بھی اس دن عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے پیش نظر تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔ جماعت اسلامی پاکستان، سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنّت، سنی تحریک، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔
اس سال 5 فروری کو روایتی جوش و خروش اور اس عزم کے ساتھ منایا جائے گا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں چاروں صوبائی اور وفاقی دارالحکومتوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس، جلوس، ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر مناکر جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے گا، جس پر بھارت نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کو جموں و کشمیر سے ملانے والے پلوں پر انسانی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے اور ان کی جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر پاکستانی قوم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کا اظہار کرتی ہے۔
مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور دیرینہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے عالمی برادری کو اس کی ذمہ داریاں یاد دلانے کے لیے اس دن کو منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ریلیوں، جلسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عالمی برادری کی توجہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم کی طرف مبذول کرائی جائے۔ بیرون ملک تمام پاکستانی مشنز میں سیمینارز اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ کوہالہ، ہولر، برڑ کوٹ، ڈھل کوٹ، آزاد پتن، دھن گلی، منگلا سمیت پاکستان کو کشمیر سے ملانے والے پلوں پر صبح 10 بجے انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی۔ آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کے ہزاروں افراد انسانی زنجیریں بنائیں گے اور بھارتی قابض افواج کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کا اظہار کریں گے۔ پاکستان 1975 سے مسلسل یوم یکجہتی کشمیر منا رہا ہے، اس دن پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام اپنے حقوق اور آزادی کی جنگ لڑنے والے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں :والدین ہو شیار ،تعلیمی اداروں کیلئے نئے احکامات جاری ، جانئے کیا