اہم خبریں

اسرائیل کا مقبوضہ مغربی کنارے میں فوجی آپریشن ،پناہ گزین کیمپ میں دھماکوں سے مکانات تباہ

غزہ ( نیوز ڈیسک )اسرائیلی فوج کے مقبوضہ مغربی کنارے میں آپریشن کے دوران جنین پناہ گزین کیمپ میں دھماکوں سے کئی مکانات تباہ ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اتوار کو قابض اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں مہاجر کیمپ میں آپریشن کے دوران متعدد عمارتوں کو تباہ کر دیا۔اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر جنین میں 23 عمارتیں تباہ کی گئیں۔اسرائیلی فوج نے مزید دعویٰ کیا کہ اس نے جنوری کے وسط سے اب تک مغربی کنارے میں 50 فلسطینی جنگجوؤں کو شہید کیا ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے جنین میں اسرائیلی فوج کی جانب سے عمارتوں کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ کارروائی قرار دیا۔فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تاکہ جنین اور طولکرم کیمپوں میں رہائشی عمارتوں کی تباہی کو روکا جا سکے۔

دوسری جانب مغربی کنارے کے جنوبی علاقے اروب میں ایک دوسرے واقعے میں اسرائیلی فوج نے 27 سالہ محمد امجد حدوش کو شہید کر دیا۔واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ ماہ آئرن وال آپریشن شروع کیا تھا، جس کا مقصد مغربی کنارے، خاص طور پر جنین میں فلسطینی مزاحمتی گروپوں پر حملے کرنا تھا۔
مزید پڑھیں: آج بروزپیر3فروری 2025 پاکستان کے مختلف شہروں میں موسم کیسا رہے گا؟؟

متعلقہ خبریں