اہم خبریں

کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی کارروائی، 38.9 کروڑ روپے مالیت کا سمگل شدہ سامان قبضے میں لےلیا

اسلام آباد( اے بی این نیوز )ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن-کسٹمز ، کراچی نے 38.9 کروڑ روپے مالیت کا سمگل شدہ سامان قبضے میں لےلیا۔ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹرجنرل انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کی جانب سے مصدقہ اطلاع کی فراہمی پر کہ سمگلنگ میں ملوث ایک منظم گروہ خفیہ طور پر رضویہ سوسائٹی، سکیم 33، ملیر کراچی کے قریب ایک کمپائونڈ میں سمگل شدہ سامان کی بھاری مقدار ڈمپ کرے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹیگیشن کسٹمز کراچی نے کمپائونڈ کی نگرانی کیلئے ایک انسداد سمگلنگ ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے دو مزدہ ٹرکوں کو احاطے سے باہر آتے دیکھ کر ان کا پیچھا کیا اور راشد منہاس روڈ پر دونوں کو روکنے میں کامیاب ہو گئے۔ تلاشی پر ٹرک غیر ملکی لیپ ٹاپس سے بھرے ہوئے پائے گئے۔ قانونی دستاویزات کی عدم فراہمی پر مذکورہ ٹرک ڈرائیوروں کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ کے آفس میں لے جائے گئے۔ دریں اثناء ایک اور ٹرک احاطے سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا جسے ٹیم نے عسکری پارک، یونیورسٹی روڈ، کراچی کے قریب روک لیا۔ ابتدائی تلاشی سے معلوم ہوا کہ یہ ایئر کرافٹ پسٹن انجن آئل سے لدا ہوا تھا۔اس کے بعد کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعہ 162 کے تحت احاطے کا سرچ وارنٹ حاصل کیا گیا اور جب ٹیم احاطے میں داخل ہوئی تو اسے ایک اور مزدہ ٹرک اور ایک سوزوکی پک اپ سمگل شدہ سامان سے لدے ہوئےۓ ملے۔ تمام سمگل شدہ سامان گاڑیوں سمیت ڈائریکٹوریٹ لایا گیا۔ سمگل شدہ سامان میں مختلف قسم کے 3600 عدد لیپ ٹاپ، 2396 عدد گھڑیاں، 3 ٹن چیز، ایئر کرافٹ انجن آئل کے 834 کارٹنز، فوڈ سپلیمینٹ کے 190 کارٹنز ،انڈین کاسمیٹکس کے 67 کارٹنز اور دیگر متفرق اشیاء شامل ہیں۔ سمگل شدہ سامان کی کل مالیت تقریباً 38.9 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ واقعہ کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں