اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہبازشریف نے چھوٹے کاروبار کےلیے قرض کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پر جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چھوٹے کاروبار کے لیے قرض کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز پر عمل کیا جائے، چھوٹے کاروبار میں خواتین کیلئے خصوصی پیکیج تشکیل دے کر جلد پیش کیا جائے۔شہبازشریف نے کہا کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، ایس ایم ایز کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو، نوجوانوں اور خواتین اتنی بااختیار ہوں کہ نہ صرف خود کمائیں بلکہ روزگار بھی پیدا کریں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ میں ایس ایم ایز کی ترقی و سہولت کے لیے حکومتی اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد ایس ایم ایز کے لیے قرض کے فارم کو مزید آسان اور سادہ بنا دیا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایز اپنے کاروبار کی بہتری کے لیے قرض کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
مزید پڑھیں: سیف علی خان کے گھر میں ڈکیتی، مزاحمت پر چھری سے حملہ،اسپتال منتقل