اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چترال میں لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں،چترال کے عوام کو مزید اندھیروں میں نہیں رکھ سکتے۔آج وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چترال میں بجلی اور انفراسٹرکچر کے مسائل کے حل کےلیے اعلی سطح کا اجلاس ہواجس میں وزیرِ پاور خرم دستگیر خان، چیئرمین واپڈا لیفٹینیٹ جنرل (ر) سجاد غنی، سیکرٹری پاور اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی، اس کے علاوہ چترال سے نوید الرحمن، شہزادہ افتخار الدین، عبدالولی خان، نیاز احمد، شوکت مُلک، محمد وسیم، حاجی غفار خان، اسفند یار خان، منیر احمد، منظور احمد، عمران الملک، محب الرحمن، سلامت خان، جاوید وزیر، طارق نصیر، محمد اعظم خان، ظفر حیات، مولانا عبدالرحمن، انعام اللہ، رحمت ولی شاہ اور خواجہ امان اللہ شامل تھے۔ملاقات میں شرکاء نے وزیرِ اعظم کو چترال میں لوڈ شیڈنگ اور انفراسٹرکچر کے مسائل سے آگاہ کیا۔ شرکا نے وزیرِ اعظم کا سیلاب کے دوران چترال کے متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے ذاتی دلچسپی پر شکریہ بھی ادا کیا۔وزیرِ اعظم نے چترال کے تمام مسائل کے حل کےلئے متعلقہ حکام کر فوری طور پر اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ چترال کے بجلی کے مسائل کے حل میں مزید تاخیر کسی صورت قبول نہیں کروں گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزیرتوانائی اور سیکرٹری پاور پشاور میں اس پر اجلاس کرکے جلد مجھے رپورٹ دیں۔چترال میں بجلی کے فرسودہ ترسیلی نظام کو تبدیل کرکے فوری طور پر جدید سسٹم لگایا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت پاور پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن سے مل کر فوری لائحہ عمل طے کرے۔چترال میں ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اداروں میں مقامی لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر نوکریوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔