اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) پاکستان میں پولیو کے مزید دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد سال 2024 میں ملک میں رپورٹ ہونے والے مجموعی کیسز کی تعداد 67 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ کیسز خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک اور سندھ کے ضلع کشمور سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ٹانک سے رپورٹ ہونے والا یہ رواں سال کا چوتھا جبکہ کشمور سے دوسرا کیس ہے۔
دونوں اضلاع پہلے ہی پولیو وائرس کے لیے حساس علاقوں میں شامل ہیں، جہاں ویکسینیشن مہمات کے باوجود چیلنجز بدستور موجود ہیں۔ متاثرہ بچوں کے والدین نے مختلف وجوہات کی بنا پر پولیو ویکسینیشن سے گریز کیا تھا، جس کے باعث یہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ دونوں اضلاع میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ماہرین صحت نے ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
2024 میں پولیو وائرس کے 67 کیسز سامنے آنا ویکسینیشن مہمات کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس ابھی تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ خاص طور پر خیبر پختونخوا، بلوچستان، اور سندھ کے کچھ اضلاع پولیو کے حوالے سے زیادہ خطرناک سمجھے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، پولیو مہمات کو کامیاب بنانے میں کئی رکاوٹیں درپیش ہیں۔حکومت نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خصوصی مہمات کا آغاز کیا ہے۔
پاکستان کے صحت حکام اور بین الاقوامی شراکت داروں، جیسے عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسف، نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ عالمی سطح پر بھی پاکستان پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کرے۔ پولیو جیسے مرض کے خلاف جنگ میں عوامی تعاون اور شعور اجاگر کرنا کلیدی حیثیت رکھتا ہے، تاکہ پاکستان اس موذی مرض سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کر سکے۔
مزید پڑھیں :پک اینڈچوزنہ کریں،آئین وقانون کےمطابق ہرشہری کوحق دیں،فیصل چودھری