اہم خبریں

اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    ) پی ٹی ڈی سی کے ایم ڈی نے اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس کا منصوبہ پیش کردیا۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم منصوبہ پیش کردیا۔

اس منصوبے کے تحت جنوری 2025 میں اسلام آباد سائٹ سیئنگ ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کی جائے گی۔ یہ اعلان سیاحت کی صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے منعقدہ ایک بریفنگ کے دوران کیا گیا۔

یہ بس سروس پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے اشتراک سے شروع کی جائے گی۔ یہ منصوبہ اسلام آباد کے سیاحتی مقامات کی تشہیر کے لیے ایک منفرد اقدام ہوگا، جس کے ذریعے روزانہ دو مرتبہ رہنمائی کے ساتھ شہر کے اہم سیاحتی اور تاریخی مقامات کی سیر کروائی جائے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام بڑے ہوٹلز سے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمن رانا نے بتایا کہ حکومت پاکستان میں سیاحت کو معاشی ترقی کے ایک اہم شعبے کے طور پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
اس منصوبے کا دوسرا مرحلہ نجی شعبے کے تعاون سے ویک اینڈ سیاحتی ٹورز پر مبنی ہوگا، جس میں ٹیکسلا، روہتاس قلعہ، کٹاس راج، کلر کہار، کھیوڑا، تختِ بائی، مری، پتریاٹہ، اور پشاور جیسے تاریخی اور قدرتی مقامات شامل ہوں گے۔
ماحول دوست ڈبل ڈیکر بس سروس اسلام آباد کی سیاحت کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے اسلام آباد کو پاکستان کے سیاحتی دروازے کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پی ٹی ڈی سی نے ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے۔ جس میں سرکاری اور نجی شعبوں کے تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کا تعاون شامل ہوگا۔

مزید پڑھیں :کچھ لوگ ملٹری کورٹس کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ

متعلقہ خبریں