اہم خبریں

رگلہ انڈر پاس، 25 اپریل سے قبل مکمل کرکے عوام الناس کے لئے کھول دیا جائے،چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد( نامہ نگار  ) وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کیپٹن (ریٹائرڈ) نور الامین مینگل نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ان دوروں کا آغاز مارگلہ انڈر پاس پر جاری ترقیاتی کاموں سے کیا اور منصوبے میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا منصوبے کو مقرر کردہ تاریخ یعنی 25 اپریل سے قبل مکمل کرکے عوام الناس کے لئے کھول دیا جائے۔مزید برآں چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ریٹائرڈ) نور الامین مینگل نے سیونتھ ایونیو کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے انوائرمنٹ ونگ کو ہدایت جاری کیں کہ منصوبے کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب کرکے شجرکاری بھی کی جائے۔ اور باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔بعد ازاں چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ریٹائرڈ) نور الامین مینگل نے بہارہ کہو بائی پاس منصوبے کا بھی دورہ کیا اور منصوبے کے جن مراحل پر ترقیاتی کام جاری ہیں انکا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے تمام فیزز پر بیک وقت کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کپیٹن (ریٹائرڈ) نور الامین مینگل نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ کام کے اعلی معیار کو بھی ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

متعلقہ خبریں