بھارت کے سابق کرکٹر رابن اُتھپا کے خلاف ایک ملبوسات کی کمپنی کے غریب ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کے واجبات کے سلسلے میں دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بنگلور میں قائم سینٹورس لائف اسٹائل برینڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر رابن اُتھپا کو 27 دسمبر تک تقریباً 24 لاکھ روپے کی واجب الادا رقم ادا کرنے کا وقت دیا گیا ہے، ورنہ ان کی گرفتاری کی جائے گی۔
کمپنی نے اپنے ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کے واجبات میں تقریباً 23 لاکھ 36 ہزار روپے ادا نہیں کیے، جو کہ رابن اُتھپا سے وصول کیے جانے ہیں۔ وارنٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سابق کرکٹر نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں سے پراویڈنٹ فنڈ کی رقم تو کاٹی، لیکن اسے ملازمین کے اکاؤنٹس میں جمع نہیں کرایا۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اُتھپا کو گرفتار کریں اور وارنٹ کو 27 دسمبر سے پہلے واپس جمع کرائیں۔
دوسری جانب رابن اُتھپا نے کہا کہ اگرچہ وہ اس کمپنی کے ڈائریکٹر تھے، لیکن انہوں نے اس کے انتظامی امور میں کوئی فعال کردار نہیں ادا کیا۔ کرکٹ کی مصروفیت کی وجہ سے انہوں نے کچھ سال پہلے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی قانونی ٹیم اس مسئلے کو حل کر رہی ہے اور جلد ہی یہ معاملہ نمٹ جائے گا۔
رابن اُتھپا نے بھارت کی جانب سے 59 بین الاقوامی میچز کھیلے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مشہور کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 1,183 رنز بنائے ہیں، جن میں سات نصف سنچریاں شامل ہیں۔