غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر خصوصی سیل قائم کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت نے ایک جامع سکیورٹی فریم ورک تیار کیا ہے جس کے تحت غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے لیے مختلف سطحوں پر سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق، وفاقی سطح پر غیر ملکی قومی سلامتی سیل قائم کیا گیا ہے جو وزارت داخلہ کے تحت کام کرے گا۔ صوبائی سطح پر بھی الگ الگ غیر ملکی سکیورٹی سیل تشکیل دیے گئے ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی سکیورٹی سیل قائم کیے گئے ہیں۔ مقامی سطح پر، ضلع سطح پر ڈسٹرکٹ فارنرز سکیورٹی سیل غیر ملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) اور اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کو سکیورٹی کی ذمے داریاں سونپی جائیں گی۔ غیر ملکی شخصیات کی سکیورٹی کے لیے مسلح افواج کو طلب کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، غیر ملکیوں کی سرپرستی کرنے والے سرکاری ادارے سکیورٹی انتظامات کے لیے فوکل پرسن نامزد کریں گے۔ سیاحوں اور غیر ملکی صحافیوں کی سکیورٹی کے انتظامات محکمہ سیاحت کی ذمے داری ہوں گے۔ یہ محکمہ غیر ملکی سفارتکاروں، سیاحوں، صحافیوں، طلبہ، کھلاڑیوں اور مذہبی زائرین کی سکیورٹی کی نگرانی کرے گا۔