پشاور: الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس وقار احمد نے الیکشن کیسز سننے سے خود کو الگ کرلیا ہے۔
اس سلسلے میں جسٹس وقار احمد کی جانب سے ایک آرڈر شیٹ جاری کی گئی جس میں انہوں نے خود کو الیکشن ٹربیونل سے علیحدہ کرنے کی تصدیق کی۔ آرڈر شیٹ میں کہا گیا کہ ایک درخواست گزار نے ٹربیونل پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی لائرز فورم کا رکن رہے ہیں اور پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ تاہم جسٹس وقار احمد نے کہا کہ جب کوئی جج حلف اٹھاتا ہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق نہ رکھے۔
جسٹس وقار احمد نے مزید کہا کہ چونکہ ان پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن کے کیسز کو دوسرے ٹربیونل میں منتقل کیا جائے، کیونکہ اب وہ الیکشن کیسز نہیں سن سکتے۔ یاد رہے کہ یہ اعتراض پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے رکن ارباب وسیم کی جانب سے اٹھایا گیا تھا۔