اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کی تشویشناک صورتحال، 1147 کیسز رپورٹ

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے صوبے میں ایچ آئی وی وائرس سے متاثرہ مریضوں کا ڈیٹا جاری کر دیا۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق رواں سال کے پی میں ایچ آئی وی کے 1147 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے کے ہسپتالوں میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 8 ہزار 356 ہو گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ مریضوں میں 6,105 مرد اور 2,080 خواتین شامل ہیں جب کہ 171 خواجہ سراؤں میں بھی ایچ آئی وی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق رواں سال پشاور میں 250 افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں سال ایچ آئی وی کی وجہ سے مجموعی طور پر 1486 اموات ہوئیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثرہ کل 1378 مریضوں کا تعلق انضمام شدہ اضلاع سے ہے، 352 کا افغانستان، 112 کا پنجاب، 33 کا سندھ، 11 کا بلوچستان، 14 کا گلگت، جبکہ 5 کا آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق 1102 افراد استعمال شدہ سرنج سے ایچ آئی وی کا شکار ہوئے اور 818 افراد خون کی منتقلی کے ذریعے وائرس کا شکار ہوئے۔
مزید پڑھیں: عالمی بینک قرض پروگرام کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر من گھڑت ہے، وزارت اقتصادی امور

متعلقہ خبریں