میانوالی (اے بی این نیوز): میانوالی کے چپری تھانے پر دہشت گردوں نے اچانک حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کی بروقت کارروائی سے 4 غیر ملکی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ خیبرپختونخوا کی سرحد سے ملحقہ علاقے میں دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں، راکٹ لانچرز، اور دستی بموں سے تھانے کو نشانہ بنایا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، حملہ تقریباً 20 دہشت گردوں نے کیا تھا، لیکن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا۔ حملے کے دوران دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جبکہ ڈی پی او فاروق اختر اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیتے رہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کو کامیاب دفاع پر مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب پولیس امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مزید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران مزید 2 غیر ملکی دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کیں، جس کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 4 ہوگئی۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ آپریشن میں شامل تمام اہلکاروں کا حوصلہ بلند ہے، اور چپری تھانے کے عملے نے بہادری سے اپنی ذمہ داری نبھائی۔
مزید تفصیلات جاننے کے لیے ہمارے ساتھ جڑے رہیں۔
مزید پڑھیں :پہلا ٹی 20، پاکستان کا زمبابوے کوجیت کیلئے166رنزکاہدف