اہم خبریں

وی پی اینز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں مزید توسیع کا اعلان کر دیا گیا ، چیئرمین پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی اینز) کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آج وی پی اینز کو بلاک نہیں کیا جائے گا، کیونکہ حکومت نے اس رجسٹریشن کی مدت میں مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، انہوں نے نئی ڈیڈ لائن کے بارے میں تفصیلات نہیں دیں، اور کہا کہ یہ فیصلہ وزارت داخلہ کا ہے۔

اس سے پہلے پی ٹی اے کے ذرائع نے یہ امکان ظاہر کیا تھا کہ غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں مزید توسیع کی جائے گی۔ پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق، اب تک 27 ہزار سے زائد وی پی اینز کو رجسٹر کیا جا چکا ہے۔ آئی ٹی انڈسٹری، فری لانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے اس تاریخ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔

پی ٹی اے حکام نے مزید کہا کہ رجسٹرڈ وی پی اینز کے ذریعے ملک میں سائبر سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، اور قومی سلامتی و ڈیٹا پروٹیکشن کے لیے وی پی این کی رجسٹریشن کو ضروری قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں