لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن )کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ فواد چودھری سے ایسی حرکت کی توقع نہیں تھی،لوگوں کو دھمکانا غلط ہے، پی ٹی آئی نے اپنے مفادات کی خاطر اداروں کو تباہ کردیا ہے ۔آج مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تو پی ٹی آئی دور میں ہوئی تھی، ان کے دورمیں چیف الیکشن کمشنر کی تعریفیں کی جاتی تھیں۔ ہم نے الیکشن کمیشن کیخلاف کوئی مہم نہیں چلائی لیکن جب پی ٹی آئی کیخلاف فیصلہ آتا ہے تو یہ احتجاج شروع کردیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کیساتھ تیس سالہ پرانا تعلق ہے، فوادچودھری کیساتھ زیادتی ہوگی تو اس کی مذمت کروں گا، فوادچودھری کیخلاف الیکشن کمیشن نے ایف آئی آردرج کرائی، ان کے منہ پر کپڑا ڈال کرعدالت میں پیش نہیں کرنا چاہیے تھا لیکن فوادچودھری کو ایسے دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی،عمران خان نے عدالتوں کو بھی دھمکیاں دیں،ان کا وطیرہ بن چکا ہے کہ جو بھی فیصلہ خلاف آئے اس پر احتجاج شروع کردیتے ہیں،سیاست اور معاشرے کی تنزلی کی وجہ عمران خان ہے پی ٹی آئی نے اپنے مفادات کی خاطر اداروں کو تباہ کردیا۔















